متحدہ عرب امارات اور جرمنی کے درمیان منعقد ہوا سیاسی مشاورت کا چھٹا دور
جمعه 01/3/2024
دارالحکومت ابوظہبی میں وزارت خارجہ کے جنرل آفس میں متحدہ عرب امارات اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے درمیان سیاسی مشاورت کا چھٹا دور منعقد ہوا۔
متحدہ عرب امارات کے وفد کی سربراہی بین الاقوامی تعاون کے امور کی وزیر مملکت محترمہ ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے کی۔ اس میں صدارتی دفتر میں بین الاقوامی امور کے دفتر کی سربراہ محترمہ مریم المہیری نے بھی شرکت کی جبکہ جرمن فریق کی سربراہی جرمن وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری عالی ذی وقار ڈاکٹر تھامس باگر نے کی۔ دونوں فریقین نے دونوں دوست ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کے علاوہ آب و ہوا اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
محترمہ الہاشمی نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور ترقی دینے نیز مشترکہ ترجیحی امور پر خیالات کے تبادلے میں مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس دوران محترمہ نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کی حمایت جاری رکھے گا اور پرامن اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کے اصول کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
ہر سطح پر دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی خواہش پر زور دیتے ہوئے اپنی طرف سے عزت مآب ڈاکٹر باگر نے متحدہ عرب امارات اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی سطح کو خوب سراہا۔
اس ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور انہیں وسیع تر افق کی طرف اس طرح آگے بڑھانے کے لیے اپنی خواہش کا اعادہ کیا جو مشترکہ مفادات اور اہداف کی حمایت میں معاون ثابت ہو۔