متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے غزہ کی پٹی سے 86 شدید زخمی مریضوں کو ابوظہبی منتقل کرنے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدام کیا ہے۔ ان مریضوں میں بچے اور کینسر کے مریض شامل ہیں جنہیں طویل علاج کی ضرورت ہے۔ ان کے ساتھ 124 اہل خانہ بھی شامل ہیں۔ یہ مریض اسرائیل کے رامون ہوائی اڈے سے کرم شالوم کراسنگ کے ذریعے ابوظہبی لائے گئے تاکہ ان کا ضروری طبی علاج کیا جا سکے۔ یہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 22ویں ایسی پرواز تھی۔
وزارت خارجہ کے ترقی اور بین الاقوامی تنظیموں کے اسسٹنٹ وزیر اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور فلاحی کونسل کے رکن سلطان محمد الشامسی نے کہا کہ، "یہ نیا اقدام متحدہ عرب امارات اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان مضبوط تعاون کی عکاسی کرتا ہے اور غزہ میں انسانی بحران کے دوران فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ اور دیرپا عزم کی مثال ہے۔"
الشامسی نے مزید کہاکہ، "ہم اقوام متحدہ، بین الاقوامی شراکت داروں اور امدادی تنظیموں کے ساتھ اپنے تعاون پر قائم ہیں اور ہم زخمی فلسطینیوں اور لاعلاج بیماریوں میں مبتلا افراد کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں ایک اہم اور سرکردہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم اس انسانی بحران کو کم کرنے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔"
زخمیوں اور کینسر کے مریضوں سمیت فلسطینیوں کا یہ انخلا صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے شروع کی گئی اس پہل کے مطابق ہے جس میں ملک کے ہسپتالوں میں 1000 زخمی بچوں اور 1000 کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ اب تک 2127 مریضوں اور ان کے ہمراہیوں کو متحدہ عرب امارات منتقل کیا جا چکا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے بیمار اور شدید زخمی فلسطینیوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ 2 دسمبر 2023 کو اپنے کام کا آغاز کرنے کے بعد سے جنوبی غزہ کی پٹی میں متحدہ عرب امارات کے فیلڈ ہسپتال نے 50489 مریضوں کا علاج کیا ہے۔ مزید برآں، فروری 2024 میں اپنے آغاز کے بعد سے العریش بندرگاہ میں لنگر انداز ہسپتال کے جہاز نے اب تک 6405 مریضوں کا علاج کیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات نے فلسطینی عوام کو 43000 ٹن سے زیادہ ہنگامی امداد فراہم کی ہے جس میں خوراک، طبی اور امدادی سامان شامل ہیں۔