ہمیں فالو کریں
جنرل۔

متحدہ عرب امارات کے صدر اور پاکستانی وزیراعظم کا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پير 27/11/2023

صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے پاکستان کے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ملاقات کی، جو متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔
ابوظہبی میں قصر البحر میں ملاقات کے دوران عزت مآب اور پاکستان کے وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے مفادات کے لیے مواقع کو بڑھانے پر زور دیا۔ تعاون کے دیگر شعبوں کے علاوہ زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور توانائی کے ساتھ اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی جو دونوں ممالک کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ ملاقات متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی رشتے اور باہمی دوستی کی نشاندہی کرتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ کی پٹی کے بحران سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں غزہ کے لوگوں کو امداد کی فراہمی کے لیے پائیدار چینلز کی اہم ضرورت اور ایک پائیدار جنگ بندی کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے خطے میں ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول کے لیے واضح راستہ قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، جس سے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں آئندہ ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ28) کی اہمیت ، پائیدار حل تلاش کرنے اور موسمیاتی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات تلاش کرنے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستی کو سراہا۔ انہوں نے عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقیاتی حمایت اور متاثر کن اقدامات بالخصوص صحت، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں شکریہ ادا کیا۔
عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور انوار الحق کاکڑ نے بینکنگ اور مالیاتی خدمات، توانائی، خوراک اور زراعت، لاجسٹکس، کان کنی، بندرگاہوں کے آپریشنز اور پانی کی صفائی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ یادداشتوں کا تبادلہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری کے وزیر محمد حسن السویدی اور پاکستان کی طرف سے خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور کی وزیر ڈاکٹر شمشاد اختر نے کیا۔
ملاقات اور تبادلوں کی تقریب میں نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زید النہیان، ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان،الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان،عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان،صدارتی عدالت کی وزارت میں خصوصی امور کے مشیرشیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی محمد حماد الشامسی، وزیر توانائی و انفراسٹرکچرسہیل بن محمد المزروعی، وزیر سرمایہ کاری محمد حسن السویدی اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبيد إبراهيم سالم الزعاب نے شرکت کی۔ وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ وفد میں کئی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔

ٹول ٹپ